| بلاگز | اگلا بلاگ >>

دن کو عید، رات شام غریباں

اصناف:

حسن مجتییٰ | 2007-10-20 ،14:42

اس دن یہ کیسا کراچی تھا۔ یہ کیسی زندگی تھی جسکا دن بینظیر کا جلوس اور رات خودکش بمبار کی تھی۔ دن کو عید اور رات شام غریباں تھی۔
blo_bhuttorally_afterblasts.jpg

ایسے لگتا تھا جیسے سب کچھ فلم کیطرح چل رہا ہو۔ ایک ایسی فلم جو آدھی خوشی کی ہو اور وقفے کے بعد باقی غم و اندوہ کی اور دہشت کی۔ اس رات میں مین ہیٹن سے ایک تھیٹر میں ذوالفقار علی بھٹو کے آخری دنوں اور بقول ڈرامے والوں کے، ’بینظیر کے موجودہ حالات پر‘ ایک پلے، جو وہ کہتے ہیں کہ انہوں نے طارق علی کے ڈرامے ’چیتا اور لومڑی‘ سے ماخوذ کر کے بنایا ہے، دیکھ کر آیا تھا اور آکر ’آج‘ ٹی وی پر ہُک اپ ہو کر بیٹھ گیا۔

’خوشی کے جلوس میں غم ساتھ ساتھ دبے پاؤں چلتا رہتا ہے‘ قراۃ العین حیدر نے کہا تھا۔

جب تھیٹر کے اندھیرے ہال میں نظر نیم روشن اسٹیج پر پڑی تو ٹیلیفون پر بینظیر بھٹو (اداکارہ گیتا ریڈی) اور جنرل پرویز مشرف (اداکار رمیز منصف) کو ایک دوسرے سے بڑی بے تکلفی سے بات چیت کرتے دکھایا گیا۔ بینظیر جنرل سے انکی ای میل کا جواب نہ دینے کی شکایت کر رہی تھی۔ پھر ان دونوں نے ایک دوسرے کو اپنا کمپیوٹر کنیکٹڈ نہ رکھنے کا طعنہ دیا۔ چوبیس سالہ بینظیر کو ایک امریکی صحافی سے فلرٹ کرتے بھی دکھایا گیا ہے۔

اس ڈرامے میں جنرل مشرف اور جنرل ضیاء الحق کا رول ادا کرنے والا ایک ہی اداکار ہے۔ یہ کتنا پاکستان کی تاریخ سے ملتا جلتا ہے کہ دو کردار ایک ہی اداکار۔ ڈرامے کے سامعین میں جاوید جبار بھی تھے۔ میں نے سوچا یہ شخص بھی کیا کیریکٹر ہیں جنہوں نے تین جکمرانوں کے وزیر ہوکر بابنائيں بھگتائيں۔ ضیاء، بینظیر اور پھر مشرف!

واپسی پر میرے دوست نے مجھ سے کہا ’ڈکٹیٹرشپ کی دو اقسام ہیں: ’ایک فوجی ڈکٹیٹر شپ اور دوسری مذہبی انتہاپسندی کی ڈکٹیٹرشپ‘۔

میرے لیاری کے ایک دوست نے مجھ سے کہا ’بینظیر کے گرد مرنے والے زیادہ تر لیاری کے تھے‘۔ پھر اس نے کہا ’جنرل جب میدان میں ہوتے ہیں تو سپاہی سب سے زیادہ مرتے ہیں۔‘

نہتے، نعرے مارتے، ناچتے، گاتے، ہنستے، خوشیاں مناتے جیالے، دنیا نے دیکھا کہ وہ کراچي کی تاریک راہوں پر رقص کرتے جگنوؤں کیطرح آئے اور قتل ہوئے۔ کیا اس سارے خونی ڈرامے کا اسکرپٹ صرف دو تین ریٹائرڈ یا حاضر سروس جنرلوں نے لکھا ہوگا؟
blo_has_play416.jpg

鶹 iD

鶹 navigation

鶹 © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔