| بلاگز | اگلا بلاگ >>

طائرانِ چمن کیا ہوئے

وسعت اللہ خان | 2007-05-10 ،13:58

عدلیہ اور انتظامیہ کی دھینگا مشتی میں بہت سی خبریں پاؤں تلے رند گئی ہیں۔
blo_wusat_wasi_150.gif

مثلاً سمجھوتہ ایکسپریس کے بم دھماکوں میں جو پاکستانی اور بھارتی شہری ہلاک ہوئے تھے، انکے بارے میں تحقیقات کہاں تک پہنچیں اور اس ضمن میں دونوں ممالک کے مابین تعاون کی کیا شکل ہے۔ اب تو اس پر وزیرِ خارجہ خورشید محمود قصوری تک بات نہیں کرتے۔

کیا بلوچستان میں شورش ختم ہوگئی یا بلوچستان کو کلوروفارم سونگھ گیا۔ اس بارے میں کوئی کچھ نہیں بتا پا رھا۔

بےنظیر مشرف ڈیل کے آنکڑوں سے ایک ہفتے قبل اخبارات اور ٹی وی چینل بھرے پڑے تھے مگر یہ ڈیل بھی شائید پانچ مئی کو جی ٹی روڈ پر آنے والی انسانی باڑھ میں کہیں بہہ گئی۔

اور وہ بیان باز جو پچھلے چھ برس سے چمنِ سیاست کی رونق تھے وہ بھی اس وقت پروں میں سر چھپائے بیٹھے ہیں۔

مثلاً حکمراں مسلم لیگ کے سکریٹری جنرل مشاہد حسین جو اب سے دو ماہ قبل تک ہفتے میں ایک بار کوئی نہ کوئی عالمانہ بیان دے کر اپنے وجود کا احساس دلا دیا کرتے تھےث جوڈیشل کرائسس کے دوران لگتا ہے کہ پویلین کا ٹکٹ لے کر لطف اندوز ہو رہے ہیں۔

وزیرِ پارلیمانی امور ڈاکٹر شیر افگن نیازی جو کچھ عرصہ پہلے تک ہر راہ چلتے کو کہنی مار کر بھڑ پڑتے تھے۔ موجودہ بحران کے دوران انہوں نے بھی تقریباً اعتکافی رویہ اپنا لیا ہے۔

جبکہ وزیر ریلوے شیخ رشید جو اپنے محکمے کے امور کے علاوہ ہر معا ملے پر بات کرنا فرضِ کفایہ سمجھتے تھے۔ راولپنڈی کے فلاپ صدارتی جلسہ عام کے بعد انہیں ایسی چپ لگی ہے کہ اللہ اللہ۔

وزیرِ قانون وصی ظفر بھی جو کچھ عرصے سے اپنی بانہہ کمر کے پیچھے پیچھےچھپا رہے ہیں۔ بہت عرصے بعد انہیں دل کی انجیو پلاسٹی کی شکل میں آرام کا موقع ملا ہے ( اللہ انہیں جلد صحت یاب کرے)۔

کسی جگہ سے پرندوں کا کوچ کرجانا
یہ اک اشارہ ہے آفاتِ ناگہانی کا

تبصرےتبصرہ کریں

  • 1. 19:05 2007-06-03 ,نجيب الرحمان سائکو :

    ميرا خيال ہے کہ ہميں پيچھے مڑ کر ديکھنا کم کرنا چاہيۓ کيونکہ ايسا کرنے سے ہماري آگے بڑھنے کی رفتار خود بخود سست پڑ جاتی ہے۔ اقبال نے شايد اسی طرح کے کسی موقع کے لئے کہا ہے:
    اسی روزوشب ميں الجھ کر نہ رہ جا
    کہ تيرے زمان و مکاں اور بھی ہيں

鶹 iD

鶹 navigation

鶹 © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔